دبئی،07 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ذریعہ پیر کو جاری کی جانے والی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگا ئی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے کا فائدہ انہیں ملا اور انہوں نے مشرکہ طورپر دوسرا مقام حاصل کیا۔
وہ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کے برابر پوائنٹس حاصل کر کے دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ پہلے مقام پر آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ نے قبضہ کیا ہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن جاری کی گئی آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 74 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ولیمسن جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز 812 پوائنٹس سے کیا تھا، انہوں نے 251 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے بعد 886 پوائنٹس ہوگئے۔
اب وہ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کے ساتھ برابری پرآگئے ہیں اور مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم نے اپنے کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرتے ہوئے ٹاپ ٹین میں جگہ بنا لی ہے۔بیٹنگ ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیائی اسٹیو اسمتھ 891 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اور ہندوستان کے وراٹ کوہلی 886 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیائی کے مارنس لبوشین827 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم پانچویں پر ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کو بولنگ رینکنگ میں بھی فائدہ ہوا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف 6 وکٹیں لینے والے نیل ویگنر نے انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کی جگہ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ ویگنر کے 849 پوائنٹس ہیں جبکہ براڈ 845 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے کگیسورباڈا 802 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔